حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے جشن مولود کعبہ امیرالمومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام اور افتتاح جامعتہ الحسنین کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا: اللہ تعالٰی کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں امیرالمومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولایت سے منسلک کیا اور یہ ایک ایسی نعمت عظمی ہے جس کے ذریعہ انسان اپنی دنیا اور آخرت کے تمام مراحل میں کامیاب و سرفراز رہتا ہے۔
انہوں نے کہا: الحمد اللہ پوری دنیا تمام عالم اسلام مولا امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ذات و صفات کی روشنی میں ہی زندگی بسر کرنے کو عزت و شان سمجھتا ہے۔ میرا مولا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ایسا جانثار ہے کہ جس پر خود رسول اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بھی فخر تھا، لہذا ہمیں آپ کی سیرت کی روشنی میں اپنے علاقے میں موجود غریبوں، مسکینوں اور یتیموں کا خیال رکھنا ہوگا، آپ کی زندگی کا اہم پہلو خدمت خلق تھا جس پر ان کے پیروکاران کو بھرپور عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
سیکرٹری جنرل نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا: پاراچنار کی صورتحال تشویشناک ہے اس حوالے سے ہماری جدوجہد تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور جاری رہے گی، میں تمام ذمہ داران کو متنبہ کرتا ہوں کہ ان مسائل کا سنجیدہ حل نکالا جائے۔
آپ کا تبصرہ